کاروار 13؍جون (ایس او نیوز)بارش کی شروعات کے ساتھ ہی ہفتہ واری ترکاری مارکیٹ میں گزشتہ ہفتو ں کے مقابلے اس ہفتے ترکاریوں کے دام آسمان چھونے لگے ہیں۔ مثلاً جو ٹماٹر فی کلو پچاس اور ساٹھ روپے میں فروخت ہورہے تھے اب اس میں 20تا 25روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا ہے۔ٹماٹر ایک ایسا فروٹ ہے جو ترکاری کے طورپر ہر گھر کے کچن کی بنیادی ضرورت ہے۔ اور اس کی مہنگائی کی مار رسوئی گھر پر ضرور پڑتی ہے۔
ہفتہ واری مارکیٹ (سنتے ) میں اس دفعہ اس کی قیمت ۸۰ روپے فی کلو ہوگئی۔اور ایسا لگتا ہے کہ چند دنوں میں یہ قیمت ۱۰۰ روپے فی کلو تک پہنچ جائے گی۔ترکاری کے بیوپاریوں سے پوچھیں توقیمتوں میں اس اضافے کی وجہ ٹماٹر کی فصل ٹھیک نہ ہونا بتائی جاتی ہے۔جو ٹماٹر بہتر کوالٹی کے نہیں ہیں اور چھوٹے سائز کے ہوتے ہیں ان کی قیمت اب بھی ۶۰ روپے فی کلو چل رہی ہے۔لیکن اچھے اور بڑے سائز کے ٹماٹر کی قیمت ۷۰ اور ۸۰ روپے فی کلو سے کم نہیں ہوتی ہے۔اس سے گاہک ٹماٹر جیسی ترکاری خریدنے کے لئے دو ایک بار سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ ایک کلو خریدیں یا آدھے کلو سے ہی کام چلا لیا جائے!اس کے علاوہ گھر گرہستی چلانے والوں کو یہ فکر لاحق ہوگئی ہے کہ ٹماٹر اور دیگر ترکاریوں کی قیمتیں نہ جانے بارش تیز ہونے کے بعد کس حد کو پہنچ جائیں گی اور ترکاریاں استعمال کرنا ممکن بھی ہوگا یا نہیں۔